اڈیالہ جیل میں چوری کی الزام میں قیدی پراسرار طور پر ہلاک

Last Updated On 19 November,2018 07:50 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) قیدی کی پرسرار ہلاکت نے جیل انتظامیہ کی کارگردگی کا پول کھول دیا، جیل انتظامیہ نے قیدی کی ہلاکت کو خود کشی قرار دے کر معاملہ دبا دیا۔

جیل ذرائع کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل کی بیرک نمبر 1/8 میں بلال نامی قیدی قاتلانہ حملہ میں ہلاک ہوا، اڈیالہ جیل میں مبینہ طور پر قتل ہونے والے بلال حسین چوری کے کیس میں جیل میں قید تھا۔

ذرائع کے مطابق بلال کو مبینہ طور پر اس کے مخالف نے سیل میں پھانسی دے کر قتل کیا، دونوں کے درمیاں سات دن پہلے جھگڑا ہوا تھا، بلال کو قتل کر کے رسی ڈال کر لٹکایا گیا تا کہ خود کشی قرار دے کر معاملہ دبا دیا جائے۔

دوسری جانب جیل انتظامیہ نے بلال کی موت خود کشی قرار دے دی ہے، انتظامیہ کے مطابق چوری کے الزام میں جیل میں قید بلال نے خود کشی کی۔

بلال خیبر پختونخوا کے علاقے دیر کا رہائشی تھا، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، معاملہ کی انکوائری کی بھی جا رہی ہے لیکن تاحال قتل کے شواہد نہیں ملے۔