اسلام آباد میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 7 دھر لئے گئے

Last Updated On 08 January,2019 08:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے 7 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

وفاقی پولیس کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا جس میں 7 منشیات فروش گرفتار کر کے ان سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئیں۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے ملزم طاہر رضا سے 2590 گرام چرس جبکہ آبپارہ پولیس نے ملزمان انیس اورقیصر مسیح سے 225 گرام ہیروئن برآمد کی۔ بھارہ کہو پولیس نے ملزم جارج مسیح سے 105 لٹر اور کراچی کمپنی پولیس نے ملزم سنیل مسیح سے 30 لٹر شراب برآمد کی۔

تھانہ نون پولیس نے ملزم نذیرسے 200 گرام چرس برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔ تمام منشیات فروشوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز وقارالدین سید نے کارروائیاں کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش بھی دی۔
 

Advertisement