کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیوایم لندن کے 8 کارکن گرفتار

Last Updated On 26 February,2019 02:12 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ رینجرز نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن گروپ سے تعلق رکھنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رینجرز ہیڈکواٹرز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان کرنل فیصل اعوان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے نتیجے میں امن قائم ہوا لیکن ملک دشمن عناصر کو کراچی کا امن قبول نہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا مقصد کراچی کی صورتحال کو خراب کرنا تھا۔

کرنل فیصل نے کہا کہ گزشتہ دنوں شہر میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے منعقدہ محفل میلاد پر بم دھماکا ہوا جب کہ پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ اور ایم کیو ایم پاکستان کے نیو کراچی میں یونین کونسل دفتر پر حملہ ہوا جس کے بعد رینجرز کی انٹیلی جنس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

کرنل فیصل اعوان کا کہنا تھا کہ رینجرز نے 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور ان کا تعلق ایم کیو ایم لندن گروپ سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سلیم بیلجیئم بانی ایم کیو ایم کی ہدایت پر ٹارگٹ کلنگ کراتا تھا اور آصف پاشا کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلا رہا ہے۔

رینجرز ترجمان نے کہا کہ آصف پاشا نے بانی ایم کیوایم کی ہدایت پر ٹارکٹ کلنگ کی ٹیم بنائی اور ٹارگٹ کلر بانی ایم کیو ایم کی ہدایت پر کام کرتے تھے جب کہ ملزمان بیرونِ ممالک کے نمبرز استعمال کرتے تھے۔