فیصل آباد: راہزنی وارداتوں میں اضافے سے شہری غیرمحفوظ، پولیس بےبس

Last Updated On 05 April,2019 09:00 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں اضافے سے شہری غیر محفوظ ہو کر رہ گئے۔ پولیس ڈاکوؤں، چوروں کے آگے بے بس دکھائی دینے لگی۔

فیصل آباد میں سال کے پہلے تین مہینوں میں ڈکیتی چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں پچھلے سال کی نسبت 20 فیصد سے بھی زائد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ڈکیتی چوری اور راہزنی کی 800 سے زائد وارداتوں میں شہری 40 سے زائد کاروں، 300 سے زائد موٹرسائیکلوں، اور کروڑوں روپے کی نقدی، زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کی ناقص کارکردگی پر شہری بھی نالاں دکھائی دیتے ہیں۔

گلی محلوں میں پولیس گشت نہ ہونے کی وجہ سے سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہونے لگا جبکہ سی پی او فیصل آباد کہتے ہیں کہ ڈولفن فورس کے ڈیوٹی سےغائب رہنے کے باعث انہیں گلیوں سے ہٹاکر مین روڈ پر لایا گیا ہے۔

ڈکیتی چوری کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود بھی ملزمان پولیس کی پہنچ سے دور رہنے کی وجہ سے شہریوں پر خوف کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں۔