کراچی: نیو سبزی منڈی میں 2 گروپوں میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

Last Updated On 22 May,2019 11:15 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نیو سبزی منڈی کے قریب دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سائٹ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش عباسی شہید ہسپتال پہنچائی گئی۔ مقتول کی شناخت سیف الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں دو کی شناخت اسماعیل اور اسحاق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان مومن اور بسم اللہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے، جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد سبزی منڈی میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئیں جبکہ تاجروں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سپرہائی وے کے دونوں ٹریک بھی بند کر دیئے۔