ملتان: دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں میں تصادم، 10 افراد ہلاک، 17 زخمی

Last Updated On 05 June,2019 08:23 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا میں دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔

شدید 13 زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا، پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

تحصیل جلالپور کی بستی درآب پور میں فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گروپ عید نماز کی ادائیگی کے بعد گھروں کو جا رہا تھا کہ راستے میں تعاقب میں بیٹھے دوسرے گروپ نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں راہ گیر سمیت ایک گروپ کے 8 افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ 17 افراد شدید زخمی ہو گئے جس پر مخالف گروپ نے بھی مزاحمت کرتے ہوئے دو افراد کو اینٹیں مار کر ہلاک کر دیا۔

واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جس پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس نے لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ریسکیو کی جانب سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے 13 شدید زخمی افراد کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔

ادھر ٹی ایچ کیو ہسپتال جلالپور پیروالا میں ہلاک افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان 6 ماہ قبل تبلیغی جماعت کے مسجد میں داخلے پر بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس سے دونوں گروپوں کا ایک ایک شخص زخمی ہوا تھا تاہم بعد میں پولیس نے دونوں گروپوں میں مصلحت کرا دی اور آئندہ جھگڑا نہ کرنے کا حلف بھی لیا۔

آر پی او ملتان کے مطابق چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے 11 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔