پنجاب میں امن وامان کی صورتحال ابتر، اعدادوشمار نے قلعی کھول کر رکھ دی

Last Updated On 09 September,2019 06:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر نہ ہوسکی۔ آٹھ ماہ کے اعدادوشمار نے بہتر کارکردگی کے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی، قتل، اغوا اور زیادتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق تبدیلی سرکار کے پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے دعوے ہوا ہو گئے ہیں۔ رواں سال صوبے میں جرائم کی شرح بڑھنے سے قتل، اغوا اور زیادتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

پہلے 8 ماہ میں 3 لاکھ 11 ہزار سے زائد جرائم رپورٹ ہوئے۔ قتل اور اقدام قتل کے 5 ہزار 510 مقدمات کا اندراج ہوا۔ بچوں کے اغوا اور اغوا برائے تاوان کے 8600 کیسز رپورٹ ہوئے۔ زیادتی کے 200 اور گینگ ریپ کے 104 مقدمات سامنے آئے۔

پنجاب میں پولیس افسران صرف اجلاسوں میں ہی مصروف رہے جبکہ نتیجہ صفر رہا۔ دوسری جانب ترجمان پنجاب پولیس نایاب حیدر کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔