ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں سائبر کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر اس جرم کی روک تھام اور اس میں ملوث ملزمان کو جلد کفر کردار تک پہنچانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ نے الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے کیسز کی شنوائی کے لئے ملتان میں بھی عدالت قائم کر دی ہے۔
ملتان اور پورے جنوبی پنجاب میں سوشل میڈیا پر فراڈ، دھوکہ دہی سمیت مختلف سائبر کرائم میں گزشتہ چند سالوں کے دوران خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے تاہم اس دھوکہ دہی کا شکار افراد کو جلد انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو ان کے کئے کی سزا دینے کیلئے اب ملتان میں الیکڑنک کرائم کورٹ قائم کر دی گئی ہے جس سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام افراد سائبر کرائمز سے نجات کیلئے اس کورٹ سے رجوع کر سکیں گے۔
وکلا کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم کیلئے قانون سازی کے بعد اب اس جرم کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے ان کورٹس کا قیام خوش آئند ہے جس سے معاشرے میں سوشل میڈیا کے ذرئعے معصوم شہریوں کو لوٹنے والے اب کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینجز، موبائل سے غلط معلومات پھیلانے والوں سمیت سوشل میڈیا کی اس جدید ٹیکنالوجی کے منفی رجحانات کی روک تھام کیلئے ان کورٹس کے قیام سے اب ایف آئی اے حکام بھی ان جرائم کو ختم کرنے کیلئے موٗثر اقدامات کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔