فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے ایوب کالونی میں تشدد کا نشانہ بننے والی نگینہ نامی خاتون انصاف کے حصول کیلئے دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئی۔ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ ایک سال بعد بھی درج نہ کیا گیا۔
فیصل آباد میں تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے ایوب کالونی کی رہائشی نگینہ نامی خاتون کو ایک سال قبل بااثر افراد کی جانب سے مبینہ طور پر بچوں کی لڑائی کی وجہ سے تشدد کانشانہ بنایا گیا۔ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہونے کے باوجود تھانہ فیکٹری ایریا اور تھانہ وویمن پولیس کی جانب سے بااثر ملزمان کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی گئی۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے پولیس افسران کے دفاتر میں بھی درخواستیں دی گئیں لیکن کسی بھی درخواست پر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ خاتون کی جانب سے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔