رائیونڈ: مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، ننکانہ میں شہری کی فائرنگ سے ڈکیت زخمی

Published On 18 March,2024 07:33 am

رائیونڈ: (دنیا نیوز) رائیونڈ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ ساتھی فرار ہو گیا، ننکانہ صاحب میں لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے میں 3 مبینہ ڈاکو شہری کو لوٹنے کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ ایمرجنسی نمبر پر اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری نے ملزموں کا تعاقب شروع کر دیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، ہلاک ملزم شہری سے 30 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو رہے تھے۔

دوسری جانب ننکانہ صاحب کے علاقے کوٹ سنت رام میں 5 مسلح ڈاکو گھر میں گھس کر لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اس دوران شہری نے اپنے پستول سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔