کراچی: مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، 2 زخمیوں سمیت 7 ملزم بھی گرفتار

Published On 20 March,2024 06:14 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 7 ملزم بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نور جہاں تھانے کی حدود میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی کو حراست میں لے لیا گیا، ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں گارڈ کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والا شخص گاڑی میں سوار فیملی سے لوٹ مار کر رہا تھا کہ ہوٹل پر موجود گارڈ نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا، ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران 2 زخمیوں سمیت 4 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور 3 موٹر سائیکل برآمد کر لیے، ملزمان سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقے سعود آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا فروشی میں ملوث دو ملزموں کو حراست میں لے لیا، دونوں سے نقدی بھی برآمد کر لی، ملزمان کی شناخت عدنان اور عظیم کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔
 

Advertisement