شکارپور: پولیس کی بروقت کارروائی، 2 مغوی بازیاب، مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکو گرفتار

Published On 27 March,2024 06:30 am

شکارپور: (دنیا نیوز) شکار پور میں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ڈاکوؤں سے 2 مغوی بازیاب کروا لیے، مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزموں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شکار پور کے گاؤں جنوں شریف سے چند روز قبل اغوا ہونے والے علی نواز بروہی اور اسرار بروہی کو ملزمان اپنے محفوظ ٹھکانے پر منتقل کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی، اس دوران پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کی موثر کارروائی کی نتیجے میں ملزمان دونوں مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے، پولیس نے فرار ہونے والے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی، مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب شکارپور کے علاقے انڈس ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ 4 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، گرفتار ملزموں کی شناخت شاہ نواز جتوئی اور نادر جونیجو کے ناموں سے ہوئی۔
 

Advertisement