کندھ کوٹ : پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ، علاقہ میدان جنگ بن گیا

Published On 07 April,2024 11:38 am

کندھ کوٹ:(دنیا نیوز) لیسونہ پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

ایس ایس پی بشیر بروہی کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے حملے کے دوران جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا ، ڈاکوؤں کے حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، فائرنگ کے تبادلے میں کچھ ڈاکو زخمی ہوئے ہیں۔

بشیر بروہی نے بتایا کہ مزید نفری لیسونہ پولیس چوکی کی طرف روانہ کر دی گئی،کچے کا دورہ کرنے آج آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی پہنچ رہے ہیں، آئی جی سندھ کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیں گے۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ آئی جی سندھ  کو کچے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری رہنے والے آپریشن اور موجودہ امن و امان کی صورتحال بارے اجلاس میں بریفنگ بھی دی جائے گی۔

خیال رہے آئی جی سندھ کی آمد سے قبل ہی ڈاکو بے قابو ہو کر پولیس پر حملہ کرنے لگے ہیں۔