پاناما پیپرز کیس، امیتابھ بچن اور ایشوریا نے مالی دستاویزات جمع کرا دیں

پاناما پیپرز کیس، امیتابھ بچن اور ایشوریا نے مالی دستاویزات جمع کرا دیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) اپنے خلاف تحقیقات ہونے پر امیتابھ بچن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور تمام الزامات کی تردید کی تھی لیکن بھارتی حکومت اب اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے لہذا امیتابھ بچن اورایشوریا رائے کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات اورجائیداد کے کاغذات جمع کرانے ہی پڑے۔
پاناما لیکس اور آف شور کمپنیوں کی حقیقت نے دنیا میں ہلچل مچا دی ہے، پاناما دستاویزات سامنے آنے کے بعد عالمی سیاسی رہنماﺅں سمیت شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بڑے بڑے نام بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد کئی عالمی رہنماﺅں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ صرف عالمی رہنماں کے ہی نہیں بلکہ بھارتی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور ان کی بہو ایشوریا رائے بچن کے نام بھی پاناما پیپرز میں سامنے آئے۔  


بچن فیملی کے افراد کا پاناما میں نام سامنے آنے کے بعد بھارت میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، تاہم امیتابھ بچن نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا آف شور کمپنیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انہوں نے جو بھی پیسہ باہر بھیجا وہ قانونی طریقے سے بھیجا تھا تاہم بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد بھارت میں بھی کارروائیوں کا آغاز تیز کرتے ہوئے اگست میں پاناما پیپرز کیس میں شامل 33 افراد کے خلاف تحقیقات کا آغازکرنے کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے کہ 2015 میں پاناما لا فرم کے ریکارڈ کے مطابق امیتابھ بچن کا نام 1993 سے لے کر1997 تک چار آف شور شپنگ کمپنیوں کے ڈائریکٹر کے طور پر سامنے آیا تھا۔