میشا شفیع کا علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

Last Updated On 19 April,2018 09:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف گلوکارہ اور اداکارہ میشا شفیع نے کہا ہے کہ انہیں علی ظفر کی جانب سے ایک سے زیادہ مرتبہ جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے۔

میشا شفیع نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ساتھی گلوکار علی ظفر نے انہیں ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیا اور اس قسم کے واقعات اس وقت پیش نہیں آئے جب وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہوئی تھیں۔

 

گلوکارہ نے مزید کہا کہ کوئی خاتون جنسی ہراسانی سے محفوظ نہیں ہے، ہم اپنے معاشرے میں اس پر بولنے سے ہچکچاتے ہیں اور خاموشی کی راہ لیتے ہیں، ہمیں اجتماعی طور پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ خاموشی کے کلچر کو توڑا جاسکے۔ میشا شفیع نے کہا کہ بااختیار اور اپنے خیالات رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا، اگر ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔

 
میشا کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی پر بات کرنا بہت مشکل عمل ہے، میں خاموش رہنے کے کلچر کو توڑوں گی جو معاشرے میں سرائیت کرچکا ہے، میرا ضمیر جنسی ہراسانی پر مزید خاموشی برداشت نہیں کرے گا۔

 

دوسری جانب علی ظفر نے اس الزام پر کہا ہے کہ وہ ابھی اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتے۔