لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور فنکار عامر خان وعدے کے کتنے پکے ہیں؟ اب پتا چل جائے گا۔ 6 برس قبل عمران خان سے کیے گئے وعدے کو نبھانے کا وقت آگیا۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامرخان کے پوری دنیا میں کروڑوں مداح موجود ہیں لیکن خود عامر خان سابق پاکستانی کرکٹراور پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کےفین ہیں۔ آج سے تقریباً 6 برس قبل بھارت میں ایک تقریب کے دوران عامر خان نے عمران خان کے جنون کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کا جو خواب ہے اپنے وطن کے حوالے سے میری طرف سے دعائیں ہیں کہ آپ کا یہ خواب ضرور پورا ہو۔ عامر خان نے مزید کہا کہ میرا دل کہتا ہے کہ آپ ضرورکامیاب ہوں گے۔ بعدازاں عمران خان نے عامر خان کو 2013 کے الیکشن سے قبل پاکستان آنے کی دعوت دی تھی جس پر عامر خان نے کہا تھا کہ جب آپ الیکشن جیتیں گے تو میں آپ کی جیت کا جشن منانے کے لیے پاکستان آؤں گا اور اکیلا نہیں بلکہ بہت سارے بھارتیوں کوساتھ لے کر آؤں گا۔
پاکستان کے عام انتخابات میں عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جیت کہ بعد اب ان کے وزیراعظم بننے کے واضح امکانات ہیں اور وہ آنے والے چند دنوں میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ لہٰذا اب سوشل میڈیا پر عامر خان کی یہ ویڈیو گردش کررہی ہے اور لوگ ان سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا عامر خان اپنا وعدہ پورا کریں گے اور عمران خان کی جیت کا جشن منانے پاکستان آئیں گے۔