بہترین فلمیں بنا کر فلمسازی کے شعبے میں کردار ادا کرنے کی خواہش ہے: رنویر

Last Updated On 18 October,2018 11:19 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ کیرئیر میں بہترین فلمیں بنا کر فلمسازی کے شعبے میں کردار ادا کرنے کی خواہش ہے، اس لئے ان دنوں سارا فوکس صرف کام اور فلم پر ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’اس وقت میں ان فلموں پر فوکس کررہا ہوں جن پر میں کام کررہا ہوں، میں ایک کے بعد ایک فلم کی شوٹنگ کررہا ہوں، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے اتنے بہترین پروجیکٹس ملے ہیں اور میں ان کی قدر کرتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں چاہتا ہوں اپنے کیریئر میں بہترین فلمیں بنا کر فلم سازی میں اپنا کردار ادا کروں، اس لیے اس وقت میرا سارا فوکس صرف میرے کام اور فلموں پر ہے‘۔ خیال رہے کہ رنویر سنگھ نے 2010 میں فلم ’بینڈ باجا بارات‘ کے ساتھ بولی وڈ میں انٹری کی۔

اس کے بعد وہ کئی پروجیکٹس کا حصہ بنے جن میں ’لوٹیرا‘، ’دل دھڑکنے دو‘، ’پدماوت‘، ’باجی راؤ مستانی‘، لیڈیز ورسز رکی بہل‘ اور ’رام لیلا‘ شامل ہیں۔ رنویر سنگھ اس وقت ہدایت کار زویا اختر کی فلم ’گلی بوائے‘، روہت شیٹھی کی فلم ’سمبا‘ اور کبیر خان کی فلم ’83‘ میں مصروف ہیں۔

اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ بولی وڈ میں اپنی جگہ بنانا ان کے لیے کافی مشکل تھا۔ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے افیئر کی خبریں بھی میڈیا میں خوب وائرل ہیں، تاہم انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنے سے گریز کیا۔ خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ فلم رام لیلا، باجی راؤ مستانی اور پدماوت میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔ یہ تینوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔