بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ، عامر خان، نصیرالدین شاہ اور سدھو غدار قرار

Last Updated On 29 January,2019 04:09 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں مسلمانوں اور سکھوں سمیت اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا۔ عام مسلمانوں اور سکھوں پر مظالم کا کیا عالم ہو گا جب بھارت میں صف اول کی شخصیات اداکار عامر خان، نصیرالدین شاہ اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو غدار قرار دے دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کے سربراہ اندریش کمار نے اداکار عامر خان، نصیرالدین شاہ اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عزت کے قابل نہیں ہیں۔ گزشتہ روز ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئےاندریش کمار کا کہنا تھا کہ بھارت میں اجمل قصاب، یعقوب اور عشرت جہاں جیسے مسلم نوجوانوں کی کوئی ضرورت نہیں، سوائے ان لوگوں کے جو سابق بھارتی صدر اے پی جے عبدالکلام کے دکھائے راستے پر چلتے ہیں۔ جب کہ وہ لوگ جو اجمل قصاب جیسے لوگوں کے راستے پر چلتے ہیں انہیں غدار تسلیم کیا جائے گا۔ 

آر ایس ایس رہنما کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو، نصیرالدین شاہ اورعامر خان اچھے سیاستدان یا اداکار ہوں گے لیکن یہ لوگ عزت کے قابل نہیں یہ میر جعفر اور راجپوت کے راجا جے چند کی طرح غدار ہیں۔

یاد رہے کہ اداکار نصیرالدین شاہ نے بھارت میں مسلمانوں کی ہندو ہجوم کے ہاتھوں پے در پے شہادتوں کے بعد کہا تھا کہ بھارت میں رہ کر وہ اپنے بچوں کے لیے فکر مند ہیں کیونکہ یہاں گائے کی جان پولیس اہلکار کی جان سے زیادہ قیمتی ہے۔ اسی طرح اداکار عامر خان نے بھی 4 برس قبل کہا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ملک کے حالات دیکھتے ہوئے بھارت چھوڑنے پر غور کررہے ہیں۔ جب کہ سابق بھارتی کرکٹر اورریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو بے خوف ہوکرکئی بار پاکستان کے لیے اپنی محبت کا اقرار اور پاکستان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کاعہد کرچکے ہیں۔

 

Advertisement