امریکی گلوکارہ نکی مناج نے سعودیہ میں کنسرٹ منسوخ کر دیا

Last Updated On 11 July,2019 03:34 pm

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ہونے والے کنسرٹ کو امریکی گلوکارہ نکی مناج نے منسوخ کر دیا۔

امریکی سماجی تنظیم کی جانب سے نکی مناج کے نام کھلا خط لکھ کر سعودی عرب میں پرفارمنس نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں صنفی تفریق پائی جاتی ہے اس لیے کنسرٹ نہ کریں جس کے بعد نکی مناج نے جدہ میں اپنا میوزک کنسرٹ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کیساتھ نا انصافی ہونے والوں کیساتھ ہوں اس لیے یہ کنسرٹ نہیں کرونگی۔ 

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ نکی مناج سعودی عرب میں پرفارم کریں گی

دوسری طرف ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کنسرٹ میں امریکی ڈی جے اسٹیو اوکے اور برطانوی گلوکار لیام پائن پرفارمنس کریں گے یا نہیں۔ اس میوزک فیسٹیول میں 6 سال یا اس سے زائد عمر کے مرد و خواتین کو آنے کی اجازت ہو گی اور فیسٹیول میں شراب سمیت ہر قسم کا نشہ لانے پر پابندی ہوگی۔ فیسٹیول میں شرکت کرنے والی خواتین کو سعودی عرب کی روایات کے مطابق پردہ کرنا ہوگا۔

خواتین نے فیسٹیول انتظامیہ کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ جس فیسٹیول میں ایک خاتون گلوکارہ عریانیت پھیلائے اور وہ فحش پرفارمنس کرے اس فیسٹیول میں شرکت کرنے والی خواتین کو پردہ کرنے کی ہدایت سے سعودی عرب کی حکومت کا دُہرا معیار عیاں ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ نکی مناج فحش پرفارمنس، جنسیت کی جانب راغب کرنے والی شاعری، بھڑکیلے اور انتہائی نامناسب لباس پہن کر پرفارمنس کرنے کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔