بھارت کے معروف پنجابی گلوکار پر کینیڈا میں حملہ

Last Updated On 31 July,2019 08:24 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف پنجابی گلوکار گرو رندھاوا کینیڈا کے شہر وینکوور کے کوئین الزبتھ تھیٹر میں حملے کے دوران شدید زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق’’کڑی دا پتہ کرو کس شہر دی اے‘‘ پنجابی گانے والے گلوکار گرو رندھاوا حملے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ کینیڈا کے شہر وینکوور کے کوئین الزبتھ تھیٹر میں اس وقت پیش آیا جب وہ ایک شو میں پرفارم کررہے تھے۔ شو کے اختتام پر جب گرو باہر جانے لگے تو وہاں موجود شخص نے حملہ کر دیا جس سے چہرے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں اسی دوران انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایک اور اطلاع کے مطابق جھگڑے کی ابتدا اس وقت ہوئی جب اس شخص ان کی پرفارمنس کے دوران ویڈیو بنا رہا تھا جسے منع کیا گیا تو طیش میں آگیا اور بعد ازاں گلوکار پر حملہ کردیا۔ گرو نے اپنے شو کو مکمل کیا جبکہ بعد میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسری طرف معروف گلوکار نے انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی اس میں لکھا تھا کہ میں اپنے گھر (بھارت) واپس پہنچ چکا ہوں۔ مجھے گرو نانک نے بچایا ہے میں نے فیصلہ کیا ہے اب کینیڈا میں کبھی بھی پرفارم نہیں کروں گا۔