گلوکارہ رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Last Updated On 27 September,2019 06:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مقامی عدالت نے گلوکارہ رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا نیوز کے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ گلوکارہ رابی پیر زادہ غیر قانونی طور پر مگر مچھ، اژدھے کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے اور کشمیریوں پر ظلم کے خلاف بھارتی وزیراعظم مودی کو ’سبق‘ سکھانے کے الفاظ استعمال کر رہی ہیں، یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے ہی وائرل ہو گئی جس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی طرف اس کا نوٹس لیا گیا اور گلوکارہ کیخلاف محکمانہ کارروائی شروع ہوئی۔

محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے 13 ستمبر کو گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کے تحت تحفظ شدہ حشرات کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھنے پر چالان درج کیا۔ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں ، مگر مچھ اورشیر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں جس کی بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اب لاہور کی مقامی عدالت میں رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر مگرمچھ اور اژدھے رکھنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے رابی پیرزادہ کو آج طلب کر رکھا تھا تاہم حکم کے باوجود رابی پیرزادہ پیش نہ ہوئیں جس کے بعد عدالت نے رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔