علی ظفر اور میشا شفیع کے ہتک عزت کے دعوؤں کی سماعتیں ملتوی

Last Updated On 11 November,2019 10:11 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکار و گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کیخلاف 100 کروڑ روپے اور میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر کیخلاف 200 کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دعوؤں کی الگ الگ سماعتیں 20 نومبر تک ملتوی کر دی گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے گلوکار علی ظفر کے دعویٰ کیس کی سماعت کی اور فریقین کی باہمی رضامندی سے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی جبکہ میشا شفیع کے دعویٰ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع اور علی ظفر کے درمیان عدالتی جنگ جاری ہے جس میں میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف ہراساں کئے جانے کا معاملہ اٹھایا تھا، بعد ازاں علی ظفر نے اداکارہ پر مبینہ غلط الزام عائد کرنے کے خلاف 100 کروڑ ہرجانہ ادا کرنے کا دعوی دائر کیا جس کے جواب میں اداکارہ نے میڈیا میں مبینہ جھوٹے الزامات لگانے اور غلط دعوے کرنے پر علی ظفر کو 200 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔
 

Advertisement