لندن میں پاکستانی پہناوؤں کا میلہ، رنگ برنگے ملبوسات پہنے ماڈلز کی ریمپ پر واک

Last Updated On 25 November,2019 02:38 pm

لندن (اظہر جاوید): برطانیہ میں پاکستانی پہناووں کا میلہ سج گیا۔ پاکستانی فیشن ڈیزائنرز کے تیار کردہ خوبصورت سلائی کڑھائی والے رنگ برنگے ملبوسات پہن کر ماڈلز ریمپ پر آئیں تو ایسا محسوس ہوا گویا لندن کے یخ بستہ موسم میں بہار آ گئی ہو۔

پاکستان فیشن ویک میں درجن بھر پاکستانی فیشن ڈیزائنرز نے اپنے تیار کردہ شاندار ملبوسات پیش کئے تو ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔ حاضرین نت نئے ملبوسات پہنے ماڈلز کو دیکھ کر عش عش کرتے رہے۔

پاکستان فیشن ویک کی خاص بات برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان کے دوران پہنے جانے والے ملبوسات کی نمائش بھی تھی جس کو پاکستانی ڈیزائنر ماہین خان نے تیار کیا تھا۔

دیگر پاکستانی ڈیزائنرز کے ملبوسات کو بھی حاضرین نے پسند کیا اور خوب سراہا، پاکستان فیشن ویک سنٹرل لندن میں دو روز تک جاری رہے گا۔

فیشن ویک میں بڑی تعداد میں پاکستانی ڈیزائنرز نے ملبوسات اور مشرقی جیولری کے سٹالز لگا رکھے ہیں جن پر لوگ آکر اپنی پسند کے ملبوسات کی خریداری کر رہے ہیں۔

فیشن ویک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ نو سال سے لندن میں فیشن ویک کا انعقاد کررہے ہیں جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی ڈیزائنرز لندن آ کر اپنے ملبوسات کی نمائش کرتے ہیں۔

اس سے ناصرف ان کے کاروبار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی فروغ ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پاکستانی فیشن بے حد مقبول ہے اور لوگ شوق سے پاکستانی کڑھائی والے ملبوسات خریدتے ہیں۔