سابق وزیراعظم نواز شریف کی کل صبح لندن روانگی متوقع: ذرائع

Last Updated On 10 November,2019 12:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کل (پیر کی) صبح علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پیر کی صبح 9 بجکر 5 منٹ پر لندن کے لیے روانہ ہوں گے، وہ قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 629 سے لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی ٹکٹ بھی بک کرلی گئی ہیں، بک کی گئی ٹکٹ پر واپسی کی تاریخ 27 نومبر درج ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی ایئرایمبولینس کے بجائے کمرشل طیارے سے لندن روانگی کی تیاری کرلی گئی ہے۔ لندن اور پاکستان میں ڈاکٹرز سے نوازشریف کی طبیعت کے حوالے سے مشاورت کرلی گئی ہے جبکہ لندن میں حسین نواز نے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست نواز شریف کی فیملی کی جانب سے بیماری اور بیرون ملک علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی تھی درخواست میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کے لئے جانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے العزیزیہ ریفرنس اور لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے چودھری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت پررہا کیا گیا ہے۔

 

Advertisement