انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکش ڈراموں کی مقبول اداکارہ اسریٰ بلجیک نے تاریخی ڈرامہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ‘’ارطغرل غازی’’ کی تعریف کو قابل فخر قرار دیا ہے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں 27 سالہ ترک اداکارہ اسریٰ بلجیک نے کہا کہ جب میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو ارطغرل غازی جیسے تاریخی ڈراموں کی تعریف کرتے اور یہ کہتے سنتی ہوں کہ انھیں پاکستان میں بھی ضرور نشر ہونا چاہیے تو اس سے مجھے بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔
اسریٰ بلجیک نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کی زبان سے نکلے یہ الفاظ میرے لئے حیران کن اور قابل فخر ہیں۔ اگر وبائی صورتحال نہ ہوتی تو اب میں پاکستان کے کئی دورے کر چکی ہوتی۔ خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں جب حلیمہ سلطان کے نام سے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔