پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کیلئے شوبز انڈسٹری کو جوائن کیا: ژالے سرحدی

Last Updated On 30 June,2020 05:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ ژالے سرحدی کا کہنا ہے کہ پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کے لیے شوبز انڈسٹری کو جوائن کیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ژالے سرحدی کا کہنا تھا کہ میں نے شوبزنس کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان کے مقبول ترین پروگرام ’بزم طلبہ‘ سے کیا، کئی ماہ تک اس پروگرام میں آواز کا جادو جگاتی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑھائی کا خرچہ پورا کرنے کے لیے اداکاری شروع کی لیکن کبھی سوچا نہیں تھا کہ فل ٹائم یہ کام کروں گی۔ اداکاری کو ہمیشہ سنجیدہ کام سمجھا فلم جلیبی میں آئٹم سونگ بھی کیا لیکن اس میں بھی پاکستانی کلچر کے مطابق کپڑے زیب تن کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کرداروں کا انتخاب کرتی ہوں جس میں ایکٹنگ کا مارجن زیادہ ہو، ایسا کام اچھا نہیں لگتا جس میں صرف بالوں کے منفرد انداز اور اعلیٰ میک اپ کی تعریف کی جائے۔

با صلاحیت فنکارہ ژالے سرحدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اپنی شخصیت سے مختلف کردار ادا کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے۔ بالی ووڈ اور بالی ووڈ کی سپر سٹارز سے میری شکل ملائی جاتی ہے کہا جاتا ہے میں پریانکا چوپڑا اورڈمپل کپاڈیا کی ہم شکل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان باتوں پر زیادہ دھیان نہیں دیتی اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر شوبزنس میں آگے بڑھ رہی ہوں باوجود اس کے کہ میرے دادا اور چچا نے شوبزنس انڈسٹری میں بہت نام بنایا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے فلم رام چند پاکستانی میں بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ نندیتا داس کے ساتھ کام کیالیکن میں نے آج تک یہ فلم نہیں دیکھی، اس فلم میں میرے کردار کو کافی کاٹ دیا گیا تھا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے بعد فلم جلیبی میں کام کیا بعد ازاں پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والی فلم ’چلے تھے ساتھ‘میں کال کیا، یہ میرے دوستوں کی فلم تھی۔اس لیے اس فلم میں کام کرکے زیادہ مزہ آیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلموں کے ساتھ درجنوں ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ڈراما سیریل اڑان میرا پسندیدہ ڈراما ہے میرے دیگر ڈراموں میں میرے بے وفا ، وراثت، قسمت کا لکھا، نیلم اور عکس اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔