اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کی اصولی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی تشخص، تہذیب و ثقافت اور قومی ورثے کو اجاگر کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا، اجلاس میں سینیما انڈسٹری کا کردار اور بحالی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات عاصم سلیم باجوہ، مشیر وزیراعظم شہباز گل، مشیر برائے اوور سیز پاکستان سید ذوالفقاربخاری، سینیٹر فیصل جاوید خان، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان، گورنر سٹیٹ بنک، چئیرمین ایف بی آر نے شرکت کی
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وطن عزیز اورقوم کے منفرد تشخص کو اندرون اور عالمی سطح پر اجاگر کرنا اولین ترجیح ہے۔ پاکستانیت کا فروغ اورنوجوان نسل کو قومی ورثے سے روشناس کرانا چاہتے ہیں، سینیما عوام کو معیاری اور سستی تفریح کی فراہمی کا ذریعہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیما معاشرتی اقدار اور قومی تہذیب و تمدن کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ملک میں سینما انڈسٹری کی زبوں حالی کیوجہ سےغیر ملکی مواد کی بھرمار ہوئی، نوجوان نسل کی اعلیٰ اقدار پرمبنی تربیت کی کوششیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ متعلقہ وزارتیں اورمحکمے سینما انڈسٹری کی بحالی کے لیے مراعاتی پیکیج پر تجاویز اور روڈ میپ دیں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں لکھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی فلم انڈسٹری کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اجلاس کے دوران فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کی اصولی منظوری دیدی گئی جبکہ ملکی کلچر اور سماجی اقدار کے فروغ سمیت پروڈکشن کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عاصم سلیم باجوہ نے لکھا کہ متعلقہ وزارتوں کو ضروری اقدامات کی ہدایات کردی گئیں۔
Revival of Pakistan’s Film Industry:PM chaired mtng& approved in principle,measures to revive film Industry,promote our cultural/societal values, improve production qual&take entertainment to masses.Directed concerned ministries to prep implementation plan #PakistanMovingForward
— Asim Saleem Bajwa (@AsimSBajwa) September 18, 2020
ٹویٹر پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے PakistanMovingForward کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔