'کرپٹ لوگوں سے پیسہ نکلوا کر تعلیم پر خرچ کرنے کیلئے قانون سازی کا سوچ رہے ہیں'

Published On 17 September,2020 11:31 am

ہری پور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ کرپٹ لوگوں سے پیسہ نکلوا کر تعلیم پر خرچ کرنے کیلئے قانون سازی کا سوچ رہے ہیں، ملکی ترقی کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔

 آسٹریا فیکووچ شول انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا انسان کا کام کوشش کرنا ہے، کامیابی اللہ کی ذات دیتی ہے، کمیونزم قوموں کیلئے تباہی ہے، یہ تاثر کہ مغرب ہی ترقی کر سکتا ہے ہم نہیں، غلط ہے، انگریز کی غلامی کا ذہن اور سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا، ہم کیوں کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ ہم کاپی کرتے ہیں، انگریز سائنسدان بن سکتے ہیں ہمارے لوگ کیوں نہیں، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہم خود مختار لوگ ہیں اور خود کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں، پاکستان میں نوجوانوں کی شرح زیادہ اور ترقی بھی ممکن ہے، بگ ڈیٹا، مصنوعی انٹیلی جنس اور دیگر ٹیکنالوجی سے مدد لینی چاہیے، ہمیں اپنے ذہنوں کو آزاد کر کے ترقی کا راستہ اپنانا ہوگا، ہم نے پہلا سال معیشت کو بہتر کرنے میں گزارا اور دوسرا کورونا سے نمٹنے میں، ماضی میں تعلیم پر توجہ نہیں دی گئی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کر دیا، یونیورسٹی میں فوڈ ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں بھی خصوصی کورسز ہونگے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی تعلیم کا مثالی ادارہ ثابت ہوگا، حکومت کا سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم سے متعلق وژن واضح ہے، حکومت صنعتی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

 

Advertisement