دورانِ شوٹنگ کورونا وائرس میں مبتلا ہونیوالی بھارتی اداکارہ ہلاک ہو گئیں

Published On 23 September,2020 10:14 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ اشلاتا وبگاؤنکر فلم کی شوٹنگ کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے چار روز بعد ہلاک ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ’زنجیر‘ میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی سوتیلی ماں کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اشلاتا وبگاؤنکر کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ہلاک ہو گئیں۔

79 سالہ اشلاتا رواں ماہ مراٹھی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران اُن کی طبیعت ناساز ہو گئی، ڈاکٹروں کی ہدایت پر ٹیسٹ کروانے پر اداکارہ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔؛ بعد ازاں شوٹنگ کے موقع پر موجود عملے کے 20 سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔

اداکارہ طبیعت خراب ہونے کے باعث چار روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم وہ مہلک بیماری کو شکست دینے میں کامیاب نہ ہوسکیں اور جان کی بازی ہار گئیں۔

اداکارہ رینوکا شہانے نے اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ آج کا دن ہم سب کے لئے مایوس کن ہے کیوں کہ کورونا نے ایک اور حسین زندگی کا خاتمہ کردیا ہے، اشلاتا دوسروں کے لئے درد اور محبت کرنے والی خاتون تھیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی کورونا سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

کورونا وائرس میں مبتلا 65 سالہ حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنما اور وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی نئی دہلی کے اسپتال میں دم توڑ گئے۔ مرکزی وزیر میں دو ہفتے قبل کورونا کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

سریش انگاڈی کے انتقال پر وزیر اعظم مودی اور صدر رام ناتھ کووند نے گہرے غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی پارٹی اور ملک کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر ریلوے پیوش گوئل، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیو ترادتیہ سندھیا اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Advertisement