مداح جلد خوشخبری سنیں گے، اداکار عدنان صدیقی

Published On 03 October,2020 09:45 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) اداکار اور ہدایتکار عدنان صدیقی نے ترک سیریز ‘دیرلیش ارطغرل غازی’ بنانے والی کمپنی کے آفیشلز سے ملاقات کی اور کہا کہ ‘وہ ترک سیریز بنانے والی کمپنی کے آفیشلز کے ساتھ موجود ہیں، آپ لوگ جَلد ایک خوشخبری سنیں گے۔

عدنان صدیقی آج کل ترکی کے دورے پر موجود ہیں جہاں وہ سیر و تفریح سمیت ترکی کی اہم شوبز شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔

اداکار اور ہدایتکار عدنان صدیقی کی جانب سے گزشتہ روز اپنے فوٹو، ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ ترکی جا رہے ہیں جبکہ انہوں نے ترکی پہنچنے کے بعد اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹا گرام سٹوریز کے ذریعے اپنے دورے سے متعلق اہم معلومات شیئر کی ہیں۔

عدنان صدیقی کی جانب سے شیئر کی گئی سٹوریز میں لکھا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں تہلکہ مچا دینے والی تُرک سیریز ارطغرل غازی کے بنانے والے قادر نامی شخص کے ساتھ موجود ہیں۔

بعد ازاں عدنان صدیقی کی جانب سے اپنی اسٹوریز پر مزید ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ترکی کے خوبصورت نظاروں کو انجوائے کر رہے ہیں۔