بھارتی اداکارہ ثنا خان کا اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان

Published On 09 October,2020 03:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ثنا خان نے اسلام کے لئے شوبز چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

اداکارہ نے ایسا کرنے کی وجہ اپنے مذہب اسلام کو بتایا ہے۔ ثنا خان نے یہ پوسٹ شئیر کرتے ہوئے اپنے فیصلے کو زندگی کا سب سے اہم فیصلہ بتایا ہے، ساتھ ہی انہوں نے اپنے فیصلے پر خوشی بھی ظاہر کی ہے۔

پوسٹ شئیر کرتے ہوئے ثنا خان نے کیپشن میں لکھا ہے  میرا سب سے خوشی والا پل، اللہ میرے اس سفر میں میری مدد کریں اور راستہ دکھائیں، آپ سب مجھے دعا میں شامل رکھیں۔ 

اپنی پوسٹ میں ثنا نے لکھا  بھائیو اور بہنوں، اب میں اپنی زندگی کے سب سے اہم موڑ پر آ گئی ہوں اور آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں سالوں سے فلم انڈسٹری میں زندگی گزار رہی ہوں، ایک عرصے سے مجھے ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت ملی، مجھے یہ سب اپنے چاہنے والوں سے ملا، جس کے لئے میں ان کی شکر گزار ہوں۔ 

بالی ووڈ اداکارہ ثنا لکھتی ہیں  لیکن اب کچھ دن سے مجھے یہ احساس ہوا کہ دنیا میں آنے کا مقصد کیا صرف یہ ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے ؟ کیا اس کا یہ فرض نہیں ہوتا کہ وہ اپنی زندگی میں ان لوگوں کی خدمت کرے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں ؟ کیا اسے یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ موت کسی بھی وقت آ سکتی ہے اور مرنے کے بعد اس کا کیا بننے والا ہے، ان دو سوالوں کے جواب میں مدت سے تلاش کر رہی ہوں۔ خاص کر دوسرے سوال کا جواب کہ مرنے کے بعد میرا کیا ہو گا ؟ ۔

اس سوال کا جواب  میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ دنیا کی یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ہے۔ اور وہ اسی صورت میں بہتر ہوگی جب بندہ اپنے پیدا کرنے والے کے حکم کے مطابق اپنی زندگی گزارے اور صرف دولت اور شہرت کو اپنا مقصد نہ بنائے بلکہ گناہ کی زندگی سے بچ کر انسانیت کی خدمت کرے اور اپنے پیدا کرنے والے کے بتائے طریقوں پر چلے ۔
 

Advertisement