جانتا ہوں خواتین کی کس طرح عزت کی جاتی ہے: بلال سعید کا وضاحتی بیان آ گیا

Published On 04 February,2021 08:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار بلال سعید نے اپنے بھائی اور خاتون پر تشدد کے بعد وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانتا ہوں کہ خواتین کی کس طرح عزت کی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر اپنے ایک وضاحتی بیان میں گلوکار بلال سعید نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ خواتین کی کس طرح عزت کی جاتی ہے اور یہ بھی جانتا ہوں کہ خواتین کا تحفظ کس طرح کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہاتھ اس لیے اٹھایا تاکہ میں اپنی فیملی کی حفاظت کر سکوں۔ جو میرے گھر کے باہر ہوا اس کے علاوہ یہ لوگ مجھے طویل عرصے سے بلیک میل کر رہے تھے۔

گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ میں چند دنوں سے خاموش تھا، کیونکہ میری بطورِ آرٹسٹ پہلی ترجیح میرا کام تھا۔ لیکن یہ لوگ میرے حالات کا فائدہ اٹھا رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلال سعید نے ڈولفن اہلکاروں کے سامنے بھائی اور خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

یاد رہے کہ معروف گلوکار بلال سعید نے ڈولفن اہلکاروں کے سامنے اپنے بھائی اور خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار بلال سعید آپے سے باہر ہو گئے ہیں اور اپنے بھائی اور خاتون پر تشدد کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلال سعید ڈولفن اہلکاروں کی موجودگی میں بھائی اور خاتون پر تشدد کر رہے ہیں جبکہ ڈولفن اہلکار کارروائی کی بجائے بیچ بچاؤ کرا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گلوکار بلال سعید کا لڑکی سے دوستی پر سگے بھائی سے جھگڑا ہوا، بلال سعید اپنے بھائی اور اس کی دوست پر برس پڑے، بلال سعید نے اپنے بھائی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی۔

لاہور نیوز نے بلال سعید رابطہ کیا تو گلوکار نے بات کرنے سے انکار کردیا اور صرف اتنا کہا کہ یہ ہمارا نجی معاملہ ہے بات نہیں کر سکتا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ بھائی کے ساتھ موجود خاتون اس کی دوست ہے جبکہ بلال سعید کے بھائی نے کہا کہ یہ لڑکی میری دوست نہیں بلکہ بیوی ہے۔

اُدھر لاہور نیوز لڑائی جھگڑے کے تمام حقائق سامنے لے آیا۔ ترجمان ڈولفن فورس نے کہا کہ ون فائیو کی اطلاع پر موقع پر پہنچے۔ موقع پر پہنچ کر ڈولفن فورس نے دونوں بھائیوں کو چھڑوایا۔ لڑکی کے گھر لانے پر دونوں بھائیوں میں جھگڑا ہوا۔ واقعہ ایک ماہ پرانا ہے ، 3 دن پہلے اس کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ بلا ل سعید اوراس کے بھائی نے تھانہ سندر میں کوئی درخواست نہیں دی۔