انڈین چینلز مسلمانوں کیخلاف جعلی خبروں کو جائز قرار دینے کا جواز پیش کرنے لگے

Last Updated On 03 May,2020 09:18 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ایوارڈ یافتہ ایڈیٹر ہیلارنکر کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ٹیلی وژن چینلز نے مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے کر ان سے نفرت کرنے والے پیدا کیے۔

آج دنیا بھر میں آزادی صحافت کا دن منایا جا رہا ہے تو وہیں ہندوستان میں جعلی اور جھوٹی خبروں کے پرچار نے پورے ملک میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کی ذمہ داری پہلے تبلیغی جماعت سے منسلک افراد پر ڈالی گئی، اس جھوٹ کو بڑھاوا دینے میں انڈیا کے اخبارات اور نیوز چینل نے بھرپور حصہ ڈالا۔ ان منفی رویوں کا یہ نتیجہ نکلا کہ ہندوؤں میں مسلمانوں کیخلاف نفرت پھیلی جو ان کے سماجی بائیکاٹ کی وجہ بنی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں ہندوستان کے ممتاز ایڈیٹر سمر ہیلارنکر نے کہا ہے کہ ملک کے معتبر ذرائع ابلاغ کی جانب سے پھیلائی جانے والی خبریں معاشرے میں پیدا ہونے والے اضطراب کا ذریعہ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کو اس حساس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے لیکن بدقسمتی سے حکومت اور اسے سپورٹ کرنے والے دراصل خود ہی جان بوجھ کر ایسی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

سمر ہیلارنکر کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر وزرا متواتر اپنے بیانات کے ذریعے مسلمانوں کیخلاف پھیلائی جانے والی ان خبروں کو اپنے بیانات سے رد کریں تو یہ ان کا قلع قمع کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت میں ایسا نہیں ہو رہا۔