کورونا وائرس کے علاج کیلئے دنیا کا سب سے بڑا ٹرائل برطانیہ میں شروع

Last Updated On 04 April,2020 11:32 pm

لندن: (اظہر جاوید) کورونا وائرس کے علاج کے لئے دنیا کا سب سے بڑا ٹرائل برطانیہ میں شروع ہو گیا، کامیابی کی صورت میں دنیا بھر میں لاکھوں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مدد ملے گی۔

برطانیہ کے ایک سو بتیس ہسپتالوں میں ابتدائی طور پر ایک ہزار افراد کا علاج جاری ہے جن کو ماہر ڈاکٹرز کے پینل کی طرف سے تجویز کردہ ادوایات دی جارہی ہیں۔

برطانوی ہیلتھ اینڈ سوشل کئیر کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے علاج کے لئے تجربات اور اس کا علاج دریافت کرنے کا عمل جاری ہے جس میں مختلف تجربات شروع کردئیے گے ہیں اور ماہر ڈاکٹرز کی طرف سے تجویز کردہ ادوایات سے مریضوں کا علاج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کامیابی کی صورت میں نیشنل ہیلتھ سروسسز کو ادوایات فراہم کر دی جائے گی۔

ہیلتھ اینڈ سوشل کئیر کا کہنا ہے کہ کامیابی کی صورت میں دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں گی۔

محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ایک سو بتیس ہسپتالوں میں وائرس کی تشخیص کے لئے ایک ہزار افراد چنے گئے ہیں جبکہ اگلے ہفتے میں مزید ہزاروں افراد کی توقع کی جارہی ہے جو تشخیص میں مدد فراہم کریں گے۔

ہیلتھ اینڈ سوشل کئیر سیکرٹری میٹ ہینکوک کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت اس نسل کی سب سے بڑی ہیلتھ ایمرجنسی سے گزر رہے ہیں اور حکومت عوام کی زندگیاں بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس کے لیے ہر ممکنہ وسائل بروکار لائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی ریسرچ کمپین شروع کی ہے جس میں بہترین ڈاکٹرز کئ ٹیم آپریشن کی نگرانی کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرائل آکسفورڈ یونیورسٹی میں متعدی بیماریوں اور عالمی صحت کے پروفیسرپیٹر ہاربی اور میڈیسن اینڈ ایپیڈیمولوجی کے پروفیسرمارٹن لانڈرے کی زیر نگرانی شروع ہو چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا علاج کے دریافت کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ریسرچ ترجیح بنیادوں پر کام کررہا ہے جس کے لئے دو اشاریہ ایک ملین پاونڈ ادارے کو مل چکے ہیں۔
 

Advertisement