کتوں کے ذریعے کورونا وائرس کی تشخیص کا تجربہ کامیاب

Last Updated On 10 July,2020 06:14 pm

ابوظبی: (ویب ڈیسک) ابوظبی کے ماہرین نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کتوں کی مدد لینے کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے ’گلف نیوز‘کے مطابق وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے پولیس کی مدد کرنے والے سراغ رساں کتوں کی خدمات حاصل کیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کتوں نے سونگھ کر متاثرہ افراد کی نشاندہی کی۔ کتوں کے ذریعے کورونا کی تشخیص کے تجربے کی کامیابی کے بعد ہمیں بہت زیادہ مدد ملے گی اور معاشرے کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات تمام شعبوں میں بہترین طریقوں کو اپنانے میں ہمیشہ سرفہرست رہا ہے۔

وزارت داخلہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مشتبہ افراد کے نمونے حاصل کیے گئے اور پھر انہیں کتوں کو سونگھایا گیا جس کے نتائج موقع پر ہی معلوم ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کتے انسانوں میں کورونا کی موجودگی کا پتہ لگا سکیں گے، تربیت شروع

ماہرین کے مطابق کتوں کو مشکوک افراد دکھائے بغیر یہ نمونے سنگھائے گئے تو فوری طور پر نتائج سامنے آئے جو بڑی کامیابی ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کے نائن پولیس ان کتوں کو روایتی طور پر حساس معاملات کی حفاظت اور نگرانی میں استعمال کرتی ہے۔ فیلڈ تجربات متحدہ عرب امارات کے پولیس جنرل کمانڈرز، وزارت صحت و کمیونٹی ڈویلپمنٹ، فیڈرل کسٹم اتھارٹی، ابوظبی اور دبئی میں کسٹمز کے محکمے، ابوظبی اور دبئی کےصحت حکام اور وزارت داخلہ کے تعاون سے متعدد اہم اور صحت کے مقامات پر کئے گئے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ تحقیق کے دوران کووڈ 19 کے مبینہ کیسز کی کھوج میں مجموعی طور پر درستگی کی شرح تقریبا 92 فیصد رہی۔ اب ان کتوں کو تپ دق اور ملیریا جیسی دوسری متعدی بیماریوں کی تشخیص کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
 

Advertisement