اسلامی جمعیت کے طلبہ نے بس کو نذر آتش کر دیا

اسلامی جمعیت کے طلبہ نے بس کو نذر آتش کر دیا
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی ریلوے سٹیشن سے دھلہ چوک چلنے والی بس نقشہ سٹاپ وحدت روڈ پہنچی تو مبینہ طور پر اسلامہ جمعیت طلبہ کے بارہ کارکنوں نے جو کہ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون اور بس کی چابیاں چھین لیں اور مسافروں کو دھمکا کر بس سے نیچے اتارتے ہی پٹرول چھڑک کر بس کو آگ لگا دی۔ بس ڈرائیور محمد بشیر کے مطابق 12 لڑکے اسلحہ سے لیس تھے اور انہوں نے ان پر مبینہ طور پر تشدد کیا۔ ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی جبکہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے پنجاب یونیورسٹی اور اس کے ارد گرد روٹوں پر بسوں کی سروس فی الحال معطل کر دی ہے۔ دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی میں طالبات کے لئے طلبہ سے ہاسٹل خالی کرا لیا گیا ہے۔ طلبہ آخری لمحے تک مزاحمت کرتے رہے۔ سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا اور ہاسٹل خالی کرانے کا بدلہ عوام سے لیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 16 کو طالبات کے لئے خالی کرانے کا تنازع چند روز سے جاری تھا۔ طلبہ کی جانب سے تالے لگا کر اور مبینہ طور پر پتھراؤ کرکے ہاسٹل کا قبضہ نہ چھوڑنے کی کوشش کی گئی تاہم اس کا ڈراپ سین پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ہو گیا اور ہاسٹل طلبہ سے خالی کرا لیا گیا جبکہ ایک کمرے سے شراب کی خالی بوتلیں اور پستول کی گولی بھی برآمد کی۔ ہوسٹل خالی ہونے پر طالبات کی الاٹمنٹ شروع کر دی گئی جو رہائش ملنے پر خوش نظر آئیں۔ 16 نمبر ہاسٹل پر طلبہ کا قبضہ ختم ہو گیا تو طلبہ نے کینال روڈ بلاک کرکے اپنا غصہ مجبور عوام پر نکالا۔ ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ اسلحہ کے زور بس روک کر چابیاں چھینی گیں۔ مسلم ٹاؤن پولیس نے طلبہ کے خلاف اب تک چار مختلف مقدمات درج کر لئے ہیں جن میں ایک ڈکیتی دوسرا اساتذہ پر تشدد تیسرا سڑک بلاک کرنے اور چوتھا ہاسٹل پر قبضے کے الزام میں درج کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے 17 مزاہمتی طلبہ کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔