اہل سنت و الجماعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمان قتل

Published On 06 Dec 2013 04:38 PM 

لاہور کے علاقے راوی روڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ جاں بحق ہو گئے۔ اہلسنت و الجماعت نے اتوار کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہور: (دنیا نیوز) اہل سنت و المجاعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ کریم پارک راوی روڈ میں محمدیہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد گاڑی پر اپر مال پر اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ بتی چوک پر موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے مولانا شمس الرحمان، ان کا ڈرائیور عدنان اور راہگیر ظفر زخمی ہو گئے۔ مولانا شمس الرحمان کے سر پر کئی گولیاں لگیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر میاں منشی ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد اہلسنت والجماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد منشی ہسپتال اور میو ہسپتال پہنچ گئی۔ کارکن پھوٹ پھوٹ کر روتے رہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری ہسپتال پہنچ گئی۔ اہلسنت و الجماعت نے اتوار کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس نے واقع کی اطلاع ملتے ہی صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔