مسئلہ کشمیر کا حل امن کیلئے ضروری ہے: مولانا فضل الرحمان

مسئلہ کشمیر کا حل امن کیلئے ضروری ہے: مولانا فضل الرحمان
لاہور: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان بھارت میں شیخ الہند کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے مجھے کشمیر کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا ہے تاہم حکومت سے چند باتیں کر کے ہی اس عہدے کو قبول کرنے کا فیصلہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے تصادم کی پالیسی نہیں چاہتے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاک بھارت بارڈر پر مشترکہ ایٹمی توانائی پلانٹ لگانے کا عمران خان کا مشورہ بچگانہ ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے نیٹو سپلائی روکے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان سے واپس جانے سے پہلے اپنا دس برس کا غصہ پاکستان پر نکالنا چاہتا ہے۔ نیٹو سپلائی روکنے والے امریکی ڈیوٹی پر ہیں اور خیبر پختونخوا میں این جی اوز کی حکومت ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومت اپنے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے لئے سفارشات موجود ہیں، انہیں قانونی شکل دینے کی ضرورت ہے۔