پاکستان
خلاصہ
- ہنگو میں خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے شہادت کا رتبہ پانے والے اعتزاز حسن کی قبر پر آرمی چیف، کور کمانڈر، اور آئی جی ایف ایس کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ قومی ہیرو کی قبر پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی۔ قومی ہیرو کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کے لئے نامزد کر دیا گیا۔
ہنگو: (دنیا نیوز) اسکول میں خودکش حملہ آور سے کشمکش میں اپنی جان دے کر دوسرے طالبعلموں کی جان بچانے والے ملک کے بہادر سپوت کی قبر پر شہریوں کا تانتا بندھ گیا۔ جرات اور بہادری کی داستان رقم کرنے والے قومی ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ابراہیم زئی اسکول کے طلباء، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شہید کی قبر پر پہنچ گئی۔ اعتزاز کی قبر پر پھولوں کے ڈھیر لگ گئے اور شہید کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ قبرستان میں اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شہید کی قبر پر آرمی چیف کی طرف سے بریگیڈئیر ذکی، کور کمانڈر کی جانب سے کرنل ندیم اور آئی جی ایف سی کی طرف سے کرنل کامران نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی اور بلند درجات کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے ہنگو میں خودکش حملہ کو ناکام بنانے والے طالبعلم اعتزاز حسن کو ستارہء شجاعت دینے کیلئے صدر سے سفارش کی ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے بھی بہادر نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعتزاز کی قربانی پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گی۔ ملالہ نے اعتزاز کے خاندان کیلئے پچاس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ ادھر شہید کے والد نے بیٹے کی قربانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی شہادت پر سب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔