پاکستان
خلاصہ
- کراچی کے پی این ایس شفا میں پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی کا معائنہ، میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ مشرف کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے۔
کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کا پی این ایس شفا ہسپتال کراچی میں ریڑھ کی ہڈی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے علاج کے لئے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیا ہے۔ پی این ایس شفا ہسپتال میں ڈاکٹروں نے پرویز مشرف کی فزیو تھراپی کی اور مختلف ٹیسٹ بھی لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے۔ انہیں علاج کے لئے بیرون ملک جانا ہوگا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اٹارنی جنرل کہتے ہیں کہ مشرف مقدمات سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، باہر گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔ کراچی میں سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی ای سی ایل کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران اپنے دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو پاکستان کے قوانین پر اعتماد نہیں ہے پرویز مشرف ٹرائل کورٹ کے ججز، سابق چیف جسٹس اور وزیر اعظم کو جانبدار سمجھتے ہیں۔ پرویز مشرف ان تمام چیزوں کی آڑ لے کر مقدمات سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ اٹارنی جنرل سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 کے مقدمے میں ملوث کسی بھی ملزم کو دوسرے ملک کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ پرویز مشرف سیاسی جرائم میں ملوث ہیں۔ خدشہ ہے کہ پرویز مشرف باہر گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔ حسین حقانی اس کی واضح مثال ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ کسی بھی کریمنل کیس میں ملوث کسی ملزم کو کارروائی مکمل ہونے تک ملزم کو دوسرے ملک کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ مقدمے کے فریق مولوی اقبال حیدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کی درخواست کو مسترد کیا جائے، یہ مقدمہ بہت واضح ہے۔ حکومت اور پرویز مشرف ای سی ایل کے بارے میں آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے کیس پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف غداری نہیں، آئین کی خلاف ورزی کا مقدمہ ہے۔ ان کے خلاف مقدمات بدنیتی پر مبنی ہیں۔ فروغ نسیم نے کہا کہ تمام عدالتیں پرویز مشرف کی ضمانت دے چکی ہیں۔