پاکستان
خلاصہ
- پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 14 اگست کو اسلام آباد میں شریف خاندان کی بادشاہت ختم کرنے جا رہے ہیں۔ یہ بادشاہت اور جمہوریت کی جنگ ہے۔ نیا پاکستان بنانے تک اسلام آباد سے نہیں اٹھیں گے۔ ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں قانون سب کیلئے برابر ہو، میں بزنس مین نہیں جو حکمرانوں سے ڈیل کر لوں گا۔
لاہور: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے نظر بند کرنے کی کوشش کی گئی تو سارا پاکستان بند کر دیں گے۔ پولیس نے کارکنوں پر تشدد کیا تو پنجاب بھر میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ استعفے بہت معمولی چیز ہیں، میرے ساتھی جان دینے کو بھی تیار ہیں۔ لاہور میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بدقسمتی سے آج تک حقیقی جمہوریت نہیں آئی۔ جمہوریت میں ملک کے سربراہ کا عوام احتساب کر سکتے ہیں۔ جمہوریت کے اندر ملک کا سربراہ عوام کو جوابدہ ہوتا ہے لیکن بادشاہت میں نہیں۔ اس بادشاہت میں شریف خاندان کا احتساب نہیں ہو سکتا۔ پاکستان میں جب تک میرٹ کا نظام نہیں آئے گا، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اس ملک میں جب تک حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی عوام غریب اور یہ حکمران امیر ہوتے جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم 14 اگست کو اسلام آباد میں شریف خاندان کی بادشاہت ختم کرنے جا رہے ہیں۔ 14 اگست ملک کے مستقبل کی جنگ ہے۔ لاہور سے ایک لاکھ موٹر سائیکل سواروں کیساتھ نکلنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت جعلی ہے جو جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے۔ دنیا کو بتا دیں گے کہ یہ حکومت غیر قانونی ہے۔ جعلی حکومت کے دن اب ختم ہو گئے ہیں۔ ہم انشا اللہ نئے الیکشن کمیشن کیساتھ پاکستان میں مڈٹرم الیکشن کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں حکمران عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب دیتے ہیں۔ بیس سال پہلے شریف خاندان کی لندن میں کوئی جائیداد نہیں تھی۔ ان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے اور انہوں نے آج تک کتنا ٹیکس ادا کیا ہے؟۔