طاہر القادری نے مڈٹرم انتخابات کے مطالبے کو ڈھونگ قرار دیدیا

Published On 06 Aug 2014 05:06 PM 

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاہے کہ مڈٹرم انتخابات کے ڈھونگ کو مانیں گے نہ ہی ہونے دینگے ۔ صرف انقلاب مسائل کا حل ہے۔ چوہدری شجاعت کہتے ہیں کہ جس جمہوریت میں لوگ خودکشیاں کریں وہ اس کو نہیں مانتے۔

لاہور: (دنیا نیوز) چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر عوامی تحریک ، مسلم لیگ قائد اعظم اور دیگر اتحادیوں کی مشاورتی ملاقات میں یوم شہداء اور انقلاب مارچ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں تمام اتحادیوں نے اتفاق کیا ہے کہ انقلاب ہی مسائل کا واحد حل ہے طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو میں مڈٹرم انتخابات کے مطالبے کو ڈھونگ قرار دیدیا۔ طاہر القادری نے یوم شہداء کے پرامن ہونے کی گارنٹی دیتے ہوئے اسے سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کے ساتھ ساتھ ضرب عضب آپریشن کے شہداء سے بھی منسوب کر دیا۔ انکا کہنا تھا کہ کارکن اس وقت تک پرامن رہیں گے جب تک ان پر حملے نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایک وقت کہا گیا تھا کہ اسلام کو خطرہ ہے آج کہا جا رہا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے اسلام آباد بھی قائم رہا اور جمہوریت بھی قائم رہے گی اگر دو وقت کی روٹی کے لئے بچے پیچنا پڑیں ، بے روزگاری سے تنگ آ کر لوگ خودکشیاں کریں تو وہ ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اوردیگر اتحادیوں نے ایک بار پھر انقلاب مارچ کی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم کہا ہے کہ اکتیس اگست سے پہلے انقلاب مارچ ہو کر رہے گا اور یکم ستمبر 2014 کو نواز شریف، شہباز شریف حکمران نہیں رہیں گے تاہم طاہرالقادری نے عمران خان سے گزشتہ دنوں ملاقات کے سوال پر جواب دینے انکار کر دیا۔