پاکستان
خلاصہ
- تحریک انصاف کے اہم رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے خود کو عمران خان کے لانگ مارچ سے الگ کر لیا ہے اور وہ اپنے آبائی شہر ملتان روانہ ہو گئے ہیں۔
ملتان (دنیا نیوز) مبصرین کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی جیسے رہنما کا اس اہم ایونٹ سے خود کو علیحدہ کر لینا تحریک انصاف کے لئے ایک دھچکا تو ثابت ہو گا۔، تا ہم خود جاوید ہاشمی کیونکہ طبی اعتبار سے بہت زیادہ صحت مند توانا اور فٹ ہنیں تھے اس لئے ان کے لانگ مارچ اور دھرنے میں شامل نہ ہونے کا کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ تا ہم اگر پارٹی سے اختلافات کے باعث انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے تو یقینی طور پر یہ پارٹی کے لئے نقصان دہ ثٓابت ہو سکتا ہے۔ اس خبر کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کو کئی معاملات میں پارٹی قیادت سے تحفظات تھے۔ جاوید ہاشمی نے پرویز مشرف کے دور میں لمبی قید کاٹی تھی اور وہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم ترین رہنما تھے مگر 2013 کے الیکشن سے قبل انہوں نے ن لیگ کو چھوڑ کر عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ جاوید ہاشمی نے خود کو لانگ مارچ سے ہی الگ کیا ہے ، اور ابھی پارٹی کو نہیں چھوڑا۔ اصل صورت حال اس وقت ہی سامنے آ سکے گی جب جاوید ہاشمی یا عمران خان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان آئے گا۔