گلو اور پومی کے بعد توفیق بٹ سامنے آ گئے

Published On 01 Oct 2014 07:47 PM 

گلو بٹ اور پومی بٹ کے بعد اب سامنے آئے ہیں توفیق بٹ، جنہوں نے (ن) لیگ کے خلاف نعرہ بازی کرنے والوں کو میڈیا کی موجودگی میں مکے مارے اور دھکے دے کر بھگا دیا۔

وزیر آباد: (دنیا نیوز) توفیق بٹ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 96 سے رکن اور (ن) لیگ کے سٹی جنرل سیکرٹری بھی ہیں۔ اس سے پہلے (ن) لیگ کی یوتھ ونگ کے سٹی صدر رہ چکے ہیں۔ الیکشن 2013ء میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ اپنی پارٹی کے قائد میاں نواز شریف کے جلسوں کی گوجرانوالہ میں کئی بار کمپیرنگ کر چکے ہیں۔ گوجرانوالہ میں (ن) لیگ کے جیالے کے نام سے جانے پہچانے جاتے ہیں۔ آج وزیراعظم میاں نواز شریف سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کے لئے گوجرانوالہ کے قریب وزیر آباد آئے تو میرج ہال کے باہر کھڑے کچھ سیلاب متاثرین اور پی ٹی آئی کے کارکن موجود تھے جنہوں نے عین اس وقت گو نواز گو کے نعرے لگانا شروع کر دئیے جب وزیراعظم کی گاڑیاں ہال سے باہر نکل رہی تھیں۔ اس وقت گوجرانوالہ کے سبھی ایم پی اے اور ایم این اے موجود تھے اور کسی کو تو اپنے لیڈر کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی توفیق نہ ہوئی تاہم توفیق بٹ آپے سے باہر ہو گئے جنہوں نے گو نواز گو کے نعرے لگانے والوں کو مکے اور تھپڑ مارے اور بھاگ کر ان کا پیچھا بھی کیا۔ جو ایم پی اے کے ہتھے چڑھ گیا اس کی ٹھکائی ہو گئی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے توفیق بٹ کا کہنا تھا کہ جو ہماری تقریبات خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کو جوتے مارے جائیں گے۔