پاکستان
خلاصہ
- عمران خان نے حکومت کے جانے کی نئی ڈیڈ لائن دیدی، کہتے ہیں اگلی عید تک ملک میں تبدیلی آچکی ہوگی۔ بڑے کام کیلئے پاگل پن نہ ہو تو منطقی انجام تک نہیں پہنچا جا سکتا۔ دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ این اے 122 کا ابھی تک رزلٹ نہیں آیا۔ جب حلقہ کُھلے گا تو ایاز صادق اور نواز شریف کا جعلی مینڈیٹ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی میں ملوث ریٹرننگ افسر پر کریمنل کیس درج کرائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ میٹرو بس مال بنانے کیلئے شروع کی گئی۔ سکولوں اور ہسپتالوں پر پیسہ لگانے کی بجائے میٹرو بس پر لگا دیا گیا۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے دھاندلی کیخلاف آج الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ فراڈ ہے۔ تمام پارلیمانی جماعتیں مل کر تبدیلی کو روک رہی ہیں۔ طاہر القادری کی جانب سے دھرنے کے خاتمے سے ان کی جماعت کو فرق نہیں پڑتا۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی وزیراعظم کے جانے اور حکومت کے خاتمے کی ڈیڈ لائن نہیں دی، صرف یہ کہا کہ جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتے وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اب وہ ڈیڈ لائن دے رہے ہیں کہ اگلی عید سے پہلے نیا پاکستان بن جائے گا۔