اسلام آباد میں خراب کھانے کی فراہمی پر مسافروں کا احتجاج ، ناقص سفری دستاویزات پر پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس گرفتار
کراچی (دنیا نیوز ) باکمال لوگوں کی سروس نے کمال ہی کر دیا ، لندن میں دو ہزار پاؤنڈ جرمانہ ہوگیا ۔ اسلام آباد میں خراب کھانا فراہم کرنے پر مسافر چلا اٹھے ۔ کراچی میں طیارہ آگ لگنے سے بال بال بچ گیا ۔ باکمال لوگوں کی لاجواب سروس نے آج کمال ہی کر دیا ۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 اسلام آباد سے لندن پہنچی تھی ، پی آئی اے کی ہوسٹس کو پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے کے باوجود سفر کرنے پر برطانوی ایوی ایشن حکام نے گرفتار کرلیا اور قوانین کی خلاف ورزی پر دوہزار پاؤنڈ جرمانہ بھی کر دیا ۔ پی آئی اے کے دیگر عملے کو ناقص سفری دستاویز کے استعمال پر وارننگ بھی دی ۔ ادھر اسلام آباد سے مانچسٹر جانےوالی پرواز پی کے 702 میں خراب کھانا فراہم کیا گیا جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ۔ دوسری طرف کراچی میں پی آئی اے کے ایک طیارے کو ٹگ ماسٹر کھینچ کر ٹرمینل بلڈنگ لارہا تھا کہ ٹگ ماسٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی ۔ تاہم ٹگ ماسٹر جہاز کو آگ لگنے کے خدشے کے باوجود الگ کرنے کے بجائے اسے کھینچتا رہا ۔ سول ایوی ایشن کا فائر بریگیڈ بیس منٹ کی تاخیر سے پہنچا اور آگ پر قابو پایا اس طرح پی آئی اے کا طیارہ آگ لگنے سے بال بال بچ گیا ۔


