غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز کے 200 سے زائد پاکستانی مسافر 24 گھنٹے سے بھارت میں محصور، وزیراعظم کا نوٹس، متبادل طیارہ دلی بھیجنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور: (دنیا نیوز) بحرین سے لاہور آنے والے نجی ایئر لائن کے طیارے پر آسمانی بجلی گر گئی۔ نجی ایئر لائن کی پرواز 766 میں 200 سے زائد پاکستانی مسافر سوار تھے تاہم تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق دوران پرواز آسمانی بجلی گرنے سے نجی ائیر لائن کے جہاز کا ایروناٹیکل سسٹم خراب ہو گیا اور طیارے کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد پرواز کو نئی دہلی ائیرپورٹ پر لینڈ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نئی دہلی سے پاکستانیوں کو لانے کیلئے فوری طور پر خصوصی پرواز بھیجنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ مسافروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور انھیں وطن واپس لانے کیلئے فوری پی آئی اے کا طیارہ بھیجا جائے۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز کے 200 سے زائد پاکستانی مسافر 24 گھنٹے سے بھارت میں محصور ہیں.