پاکستان
خلاصہ
- ملکی مسائل کا حل معیشت کی مضبوطی سے منسلک ہے ، اقتصادی راہداری منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا :وفاقی وزیر
اسلام آباد (دنیا نیوز ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں چار شعبوں پر کام کیا جائے گا جن میں توانائی سرفہرست ہے ، منصوبے کے تحت 2018 تک بجلی بحران پر قابو پا لیا جائے گا ، اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور میں 45 ارب ڈالر کے منصوبے شامل ہیں جو 2018 تک مکمل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دس ہزار چار سو میگا واٹ کے توانائی منصوبوں سے دو ہزار اٹھارہ تک بجلی بحران پر قابو پا لیا جائے گا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ گوادر میں بین الاقوامی سطح کا ائیرپورٹ اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہے ، ملکی مسائل کا حل معیشت کی مضبوطی سے منسلک ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا ۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے اور چینی صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔