پاکستان
خلاصہ
- ثقافت اور تعلیم سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو کے اعدادوشمار کے مطابق 54 لاکھ پاکستانی بچے سکول نہیں جاتے اور جو جاتے ہیں ان کی بہت کم تعداد دسویں جماعت تک پہنچ پاتی ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعلیم کے بارے میں منظر عام پر آنے والی یونیسکو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 2015ء تک کے زیادہ تر تعلیمی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے تاہم رواں سال کے آخر تک پاکستان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے پرائمری سکولوں میں بھرتیوں کا تناسب بہتر ہونے کا امکان ہے۔ یونیسکو کی یہ رپورٹ ”سب کے لئے تعلیم“ کے موضوع پر گزشتہ 15 سال سے شائع ہو رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں بھارت، ایران اور نیپال نے اس سلسلے میں خاص پیش رفت دکھائی ہے تاہم بچوں کی بڑی تعداد سکول چھوڑ دیتی ہے اور تعلیم کا معیار بہت خراب ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2014ء میں بلوچستان کے پانچویں جماعت کے 33 فیصد بچے اردو اور مقامی زبانوں میں کہانی پڑھ سکتے تھے جبکہ صوبہ پنجاب میں یہی تعداد 63 فیصد تھی۔ نصابی کتابوں میں بھی جنسی تعصب واضح ہے جس کی کئی وجوہ ہیں۔ نصاب کی اصلاح اور کتابیں شائع کرنے والے ادارے اس تعصب کو ختم کرنے کیخلاف مزاحمت کرتے ہیں جبکہ اصلاحات کوسیاسی ترجیح نہیں دی جاتی اورنہ ہی انھیں عوامی تعاون حاصل ہے۔ رپورٹ نے سرکاری اعدادوشمار کی مدد سے معیار تعلیم اور مختلف علاقوں کے درمیان تفریق پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ یونیسکو نے سال 2000ء میں دنیا میں تعلیم کے حوالے سے 2015ء تک 5 اہداف کی نشاندہی کی تھی جن میں بچوں کا سکول میں داخلہ، بالغ افراد کی ناخواندگی کی شرح کو نصف کرنا اور ثانوی تعلیمی سطح تک لڑکے اور لڑکیوں کا برابر کا تناسب شامل ہیں۔ یونیسکو کا کہنا ہے کہ پاکستان ان تمام اہداف میں بہت پیچھے ہے تاہم پاکستان میں پرائمری اسکول سے قبل 80 فیصد داخلوں تک کی شرح اچھی ہے اور پاکستان پرائمری اسکول میں لڑکے اور لڑکیوں کے برابر داخلے کے ہدف تک تقریباً پہنچ چکا ہے۔