کوئٹہ: دہشتگردوں کی دکانوں پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

کوئٹہ: دہشتگردوں کی دکانوں پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق
کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں فائرنگ کا پہلا واقعہ میزان چوک پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دکان پر بیٹھے افراد پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسرا واقعہ میزان چوک کے عقب میں سرکلر روڈ پر پیش آیا۔ مسلح افراد نے دکانوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ دہشتگردی واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور اہم تجارتی مراکز کو بند کر دیا گیا۔ مشتعل افراد نے ملزمان اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ راجہ ناصر عباس نے کوئٹہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بھی ضرب عضب کی طرز پر آپریشن کیا جائے تا کہ دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ ہو سکے۔ دوسری جانب ترجمان حکومت بلوچستان جان بلیدی کا کہنا ہے کہ شہر میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ صوبے میں امن وامان خراب کرنے کی سازش ہے۔ دہشتگردی کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جن علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہونگے اس کی ذمہ داری وہاں کی انتطامیہ پر عائد ہوگی۔ امن وامان کے مسئلے پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔